بیجنگ(آئی این پی) چین نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور دباؤ کو مسئلے کا حل قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کے تنازع کے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے جمعے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پابندیاں اور دباؤ اس مسئلے کے حل میں مددگار ثابت نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ چین تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ اقدامات کریں اور مسئلے کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے بیان کے جواب میں چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ایسی غیر قانونی یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کی بنیاد بین الاقوامی قانون میں موجود نہیں اور جنہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری حاصل نہیں۔






