برطانوی وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے اسرائیل اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی پر دوبارہ عمل درآمد کریں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائیں۔
اپنے بیان میں سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی باعثِ تشویش ہے، کیونکہ اس کے اثرات صرف علاقائی سطح تک محدود نہیں رہتے بلکہ عالمی امن و استحکام کو بھی متاثر کرتے ہیں، جن میں برطانیہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال دنیا کے لیے خطرات پیدا کر سکتی ہے، اس لیے تمام فریقین کو تحمل، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
برطانوی وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کی بحالی کو یقینی بنائیں اور اختلافات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دیں تاکہ خطے میں امن اور استحکام قائم رہ سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






