صارفین ہوشیار رہیں! محرم الحرام کے دوران پوسٹس کرنے والوں کی گرفتاری کا آغاز

پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی سائبر پٹرولنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور متنازع مواد کی روک تھام کے لیے مختلف ادارے مشترکہ طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔

سیف سٹیز اتھارٹی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خصوصی ٹیمیں چوبیس گھنٹے فیس بک، ایکس، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران قابل اعتراض، نفرت انگیز اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والا مواد شیئر کرنے والوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اب تک نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے میں ملوث 5 ہزار سے زائد سوشل میڈیا صفحات، اکاؤنٹس اور ویب سائٹس کو بلاک کروایا جا چکا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور قانون، اخلاقیات اور مذہبی احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے مواد شیئر کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close