گرمیوں کی چھٹیوں کے لیے نیا ٹائم ٹیبل سامنے آ گیا

لاہور ہائی کورٹ نے موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق عدالتِ عالیہ اور اس کے تمام بینچز میں 6 جولائی سے 5 ستمبر 2026 تک گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق تعطیلات کے دوران صرف ہنگامی اور فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی جائے گی، جبکہ عام نوعیت کے کیسز کے لیے نئی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔

عدالت نے واضح کیا ہے کہ حبسِ بے جا، ضمانت، ایف آئی آر کے اخراج اور دیگر فوری نوعیت کے معاملات کی سماعت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ اسی طرح حکمِ امتناع (سٹے آرڈر) اور ایسے مقدمات جن میں سنگین نقصان یا فوری قانونی مداخلت کا خدشہ ہو، انہیں بھی ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے گا۔

تعطیلات کے دوران ججز پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک عدالتیں لگائیں گے، جبکہ جمعہ کے روز عدالتی اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران کسی بھی مقدمے کی جلد سماعت کے لیے دائر کی جانے والی متفرق درخواستیں قابلِ سماعت نہیں ہوں گی۔ تاہم اگر کسی بینچ پر ویکیشن جج دستیاب نہ ہو تو فوری نوعیت کی درخواست لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ پر دائر کی جا سکے گی۔

عدالتی حکام کے مطابق تعطیلات کے دوران صرف اہم اور ہنگامی مقدمات کی سماعت کا مقصد سائلین کے فوری قانونی مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close