27 اور 28 اگست کی درمیانی شب جزوی چاند گرہن ہوگا، جس کے دوران چاند کا بڑا حصہ نارنجی رنگ میں دکھائی دے سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 2026ء کے اس جزوی چاند گرہن کے دوران چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے سے گزرے گا، جس کے باعث یہ منظر مکمل چاند گرہن یا ’بلڈ مون‘ جیسا دکھائی دے سکتا ہے۔
چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور زمین کا سایہ چاند کی سطح پر پڑتا ہے۔ سورج کی روشنی جب زمین کے ماحول سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی زیادہ بکھر جاتی ہے، جبکہ سرخ اور نارنجی روشنی چاند کی جانب مڑتی ہے، جس کے باعث چاند سرخی مائل یا نارنجی دکھائی دیتا ہے۔
چاند گرہن 28 اگست کو صبح 4 بج کر 13 منٹ پر عروج پر ہوگا، اس وقت چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے میں ہوگا۔ یہ فلکیاتی منظر مختلف خطوں میں مقامی وقت کے مطابق مختلف اوقات میں دیکھا جاسکے گا۔
ماہرین کے مطابق سورج گرہن کے برعکس چاند گرہن کو براہِ راست آنکھ سے دیکھنا محفوظ ہے اور اس کے لیے خصوصی چشموں یا حفاظتی فلٹرز کی ضرورت نہیں۔ مزید واضح نظارے کے لیے دوربین یا بائنوکیولرز کا استعمال کیا جاسکتا ہے، جن کی مدد سے زمین کے سائے کو چاند کی سطح پر آہستہ آہستہ منتقل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔




