راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، خطرے کے سائرن بجا دیے گئے

*راولپنڈی، اسلام آباد: تیز بارش کے بعد نالہ لئی کے کناروں پر خطرے کے سائرن بج گئے*
_فوٹو: فائل_

مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آ گئی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے بڑھ گئی جبکہ گوالمنڈی پل پر یہ 16 فٹ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سید پور میں 66، بوکرہ 65، پیرودھائی 63، گولڑہ 52، شمس آباد 50 اور چکلالہ میں 47 ملی میٹر بارش ہوئی۔

صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے ہیں۔ ریسکیو 1122 نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بچوں کو برساتی نالوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھیں۔

محکمہ موسمیات نے جمعے تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ملک کے دیگر دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔