خبردار!!! رین ایمرجنسی نافذ

*راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی*

راولپنڈی 17 اگست 2026: راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

واسا راولپنڈی حکام کے مطابق ادارے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ رواں مون سون سیزن کا یہ سب سے ہیوی اسپیل ہے اور مجموعی طور پر 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

بارش کے باعث چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ مری روڈ، ڈھوگ کھبا، جامع مسجد روڈ اور صادق آباد کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ واسا کی ہیوی مشینری اور عملہ نکاسی آب کے آپریشن میں مصروف ہے۔ جاوید کالونی، ندیم کالونی اور مسلم کالونی کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، صادق آباد، سٹی صدر روڈ، ڈھوک کھبہ، ملت کالونی اور آریہ محلے میں نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری اور عملہ موجود ہے۔ نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا لیول 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 17 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش کی مقدار کچھ یوں ریکارڈ کی گئی: سیدپور میں 9 ملی میٹر، گولڑہ میں 145 ملی میٹر، بوکرہ میں 134 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 48 ملی میٹر، شمس آباد میں 47 ملی میٹر، کچہری میں 61 ملی میٹر، پیرودھائی میں 106 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 79 ملی میٹر اور نیو کٹاریاں میں 78 ملی میٹر بارش ہوئی۔