پیپلزپارٹی نے حکومت سازی روکنے کیلئے کمر کس لی ، تیاریاں پوری

پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔

پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے خلاف پٹیشن قانونی ٹیم نے تیار کی، جس کی پارٹی قیادت نے منظوری دے دی ہے۔ پٹیشن آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہائی کورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں عدالت سے آزاد کشمیر میں حکومت سازی روکنے کے لیے حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا جائے گا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی تکمیل تک حکومت سازی کا عمل روکا جائے اور پونچھ ڈویژن کے باقی دو اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں۔

پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع میں انتخابات نہ ہونے کے باعث آزاد کشمیر اسمبلی نامکمل ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں حکومت سازی آئینی طور پر درست نہیں۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فریال تالپور کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس میں ہوا تھا، جس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو چلنے نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔