احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے یا نہیں ؟حافظ نعیم الرحمان کا اہم اعلان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مہنگے پیٹرول اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ چند گھنٹے بعد کارکنوں سے دوبارہ مشاورت کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد بریفنگ لینے نہیں آئے گی، دھرنا گلی محلوں تک جاری رہے گا اور احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مطالبہ صرف ایک ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم کی جائے، بصورت دیگر لاہور میں جاری دھرنے کو پورے پاکستان تک پھیلایا جائے گا۔ ان کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ کا جواز پیش کرنے کے بجائے عوام کو ریلیف دے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پورے نظام کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ والدین بچوں کی فیس ادا نہیں کر پا رہے، جبکہ مراعات یافتہ طبقہ عوام کے مسائل کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت کے ساتھ ٹیکس اور لیوی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ ان کے بقول پیٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے، جبکہ جاگیرداروں اور وڈیروں سے مناسب ٹیکس وصول نہیں کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں، غریبوں سے صحت کی سہولیات چھینی جا رہی ہیں اور تعلیم کو بھی طبقاتی نظام میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ حکمرانوں کے مطالبات تسلیم کرنے تک دھرنا جاری رہے گا، جماعت اسلامی پیچھے نہیں ہٹے گی اور احتجاجی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔