آج بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد میں دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ شام کے اوقات میں بارش ہوسکتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت معمول سے 4 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا، صبح کے وقت درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ دن میں پارہ 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم ابر آلود اور مرطوب رہے گا، تاہم رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ جنوب مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے۔