آئندہ کتنے دن مزید بارشیں ، محکمہ موسمیات نے اہم خبر دیدی

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

لاہور میں آج بھی آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مون سون بارشوں کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے تیز بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری جبکہ کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ مون سون سسٹم کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تیز بارش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ آندھی اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔