میر رضا کیس میں اہم پیشرفت، ایک اور ویڈیو منظرعام پر آگئی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے نوجوان میر رضا کی لاش ملنے کے معاملے میں ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ فوٹیج میں میر رضا کو اپنی جیب سے ایک روشن چیز نکال کر پھینکتے ہوئے دیکھا گیا، پولیس کے مطابق یہ چیز بظاہر موبائل فون معلوم ہوتی ہے۔

پولیس کے مطابق جس شہری کو موبائل فون ملا، اس نے جائے وقوعہ کی نشاندہی کر دی ہے اور بتایا ہے کہ فون اسی مقام سے ملا جہاں فوٹیج میں چیز پھینکی گئی تھی۔ پولیس نے موبائل فون ملنے کی جگہ سے مزید شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم نئی فوٹیجز کا فرانزک اور تکنیکی جائزہ لے رہی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا علی ڈیجیٹل (کرپٹو) کرنسی کے کاروبار سے وابستہ تھے اور رواں سال اپریل میں انہیں مبینہ طور پر بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اس کاروبار کے لیے دیگر افراد سے بھی سرمایہ کاری کروا رکھی تھی، جس کے تناظر میں پولیس نے متعلقہ افراد کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے اصل حقائق تک پہنچنے کے لیے میر رضا کا موبائل فون انتہائی اہم ہے، جسے ان لاک کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔