پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر مائیکل اسمتھ کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق مائیکل اسمتھ کو دو سال کے معاہدے کے تحت پاکستان کی ریڈ بال (ٹیسٹ) اور وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) دونوں ٹیموں کی بیٹنگ کوچنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
46 سالہ مائیکل اسمتھ لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں اور انہیں کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تین فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں، جبکہ بگ بیش لیگ کی ٹیم ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے ساتھ بھی بطور بیٹنگ کوچ خدمات انجام دے چکے ہیں۔
بطور کھلاڑی مائیکل اسمتھ نے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں مجموعی طور پر 7,029 رنز بنائے، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے جلد قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔






