بارشوں، فلیش فلڈنگ اور اربن فلڈنگ ،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں میں پانی کی صورتحال اور مون سون بارشوں کے حوالے سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال معمول پر آچکی ہے۔ دریائے چناب کے تمام بیراجز، دریائے راوی کے ہیڈز، جبکہ دریائے جہلم اور ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔ نالہ ایک اور بئیں میں نچلے درجے جبکہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں پانی کے مقامات پر نہ جانے دیں۔