خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 11 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب کے مطابق حملے میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت متعدد پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر 28 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں اور اضافی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، جبکہ شہید اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔






