کراچی میں مون سون سسٹم کے زیرِ اثر دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش، بوندا باندی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، اسکیم 33، ملیر، شاہ فیصل ٹاؤن، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، حسن اسکوائر، کھوکھراپار، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ کے اطراف، گڈاپ، گلشنِ معمار، منگھوپیر اور موٹروے ایم نائن سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش، کہیں بوندا باندی اور پھوار ریکارڈ کی گئی، جبکہ سرجانی، گڈاپ، گلشنِ معمار اور منگھوپیر میں تیز ہوائیں بھی چلیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت میں کمی آ چکی ہے، تاہم آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش گلشنِ حدید میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن میں 5.0، کیماڑی میں 3.5، پی اے ایف مسرور بیس میں 3.0، ایئرپورٹ اولڈ ایریا اور جناح ٹرمینل پر 2.6، ناظم آباد میں 2.3، کورنگی، موٹروے ایم نائن اور صدر ٹاؤن میں 2.0 جبکہ گلشنِ معمار میں 1.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث شہر میں گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آئی، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






