اسلام آباد (آئی این پی): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے اب تک بارشوں سے مجموعی طور پر 97 افراد جاں بحق اور 297 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 43 بچے، 33 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں 52، پنجاب میں 29، آزاد کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 جبکہ گلگت بلتستان میں ایک شخص جان کی بازی ہار چکا ہے۔
زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے پنجاب میں 203، خیبرپختونخوا میں 75، بلوچستان میں 15 جبکہ آزاد کشمیر اور سندھ میں 2،2 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے اب تک 447 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ 269 مویشی سیلابی صورتحال کی نذر ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث 6 پل اور 9 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






