شدید گرمی کے ساتھ اب دھول کے طوفان بھی آئیں گے؟ وارننگ جاری

کراچی پی ڈی ایم اے سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے 12 جون تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر، شکارپور، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور جامشورو میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی ڈویژن میں 9 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شدید گرمی کے دوران گرد آلود ہواؤں اور دھول کے طوفان کا بھی خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام نے شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو زیادہ پانی پینے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close