ملتان: تیز آندھی اور بارش کے باعث میپکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال اور بہاولپور سرکلز میں شدید موسمی صورتحال کے باعث متعدد فیڈرز بند ہو گئے، جس سے بجلی کی فراہمی میں خلل پیدا ہوا۔
میپکو حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوئی ہے، تاہم آپریشنل ٹیمیں متاثرہ فیڈرز کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور فیلڈ اسٹاف خرابیاں دور کرنے کے لیے متحرک ہے۔ سیفٹی ایس او پیز کے مطابق بحالی آپریشن بلا تعطل جاری رکھا گیا ہے۔
میپکو انتظامیہ نے فیلڈ ٹیموں کو مکمل بحالی تک الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے صارفین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی کی جلد بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی تک آپریشن جاری رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





