آندھی اور بارش کا الرٹ،محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ جاری

موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد پنجاب بھر میں احتیاطی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، جہاں مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج شام سے 12 مئی تک گردوغبار، تیز ہوائیں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، گجرانوالہ، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات سے دور رہیں اور محفوظ جگہوں پر پناہ لیں۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات کریں، جبکہ سیاحوں کو بالخصوص شمالی علاقوں کے سفر میں احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close