پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان عمر جاوید کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی اور جون کے مہینے گرم ترین ہونے کا امکان ہے، جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مئی اور جون میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، حالیہ دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان عمر جاوید کے مطابق 29 اپریل سے 3 مئی تک جنوبی علاقوں میں ہلکی ہیٹ ویو کا امکان ہے، مغربی ہواؤں سے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شہری دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور اسٹاف کی 24 گھنٹے تعیناتی یقینی بنائیں، ریسکیو 1122 ہر سطح پر ہائی الرٹ رہے اور فوری رسپانس یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس مسافروں کی رہنمائی کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرے، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





