فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کا عزم و حوصلہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ کور ہیڈکوارٹرز پشاور آمد پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔






