وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے جماعت اسلامی کا مارچ چند روز کے لیے ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب وزیراعظم نے ملتان میں حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرچکی ہے اور وہ وطن واپس پہنچتے ہی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کرکے عوام کے لیے مزید بہتر ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب حافظ نعیم الرحمان نے مؤقف اختیار کیا کہ اعلان کردہ ریلیف پیکج کسی صورت قابل قبول نہیں اور جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور لیوی کے خاتمے تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق مارچ میں وقفے کے حوالے سے حتمی فیصلہ جماعت کی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔






