وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان خطے کے اہم ممالک ہیں اور دونوں ممالک اپنی ملکی و علاقائی صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے متعدد ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون اور رابطے جاری رہیں گے۔ ملاقات میں توانائی، تجارت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات اس وقت جس سطح پر ہیں، ماضی میں کبھی نہیں رہے۔
اس سے قبل محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مسلسل کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کا حالیہ دورہ مفید رہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ محسن نقوی کے ایران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔






