پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار، وزیراعظم سے سیاسی رہنماؤں کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن کی سیاسی کمیٹیاں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں تو معاملات کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آج یا جب بھی مذاکرات کے لیے بیٹھنا چاہے، پی ٹی آئی کی جانب سے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے بامعنی مذاکرات ضروری ہیں اور وزیراعظم ایسی ٹیم تشکیل دیں جس میں سیاسی لوگ شامل ہوں، جبکہ بااختیار اور فیصلہ کرنے والے افراد مذاکرات میں شریک ہوں تو مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ رات سے وفاقی سطح پر متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں اور ان رابطوں کے دوران گزشتہ واقعات سے متعلق پارٹی کا پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو صورتحال کو مزید کشیدہ کرسکتے ہیں، کیونکہ گرفتاریوں سے حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اب وقت ہے کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جارہی، پارٹی نے پارلیمنٹ، سینیٹ اور دیگر فورمز پر بھی اپنا مؤقف پیش کیا لیکن جب کوئی بات نہ سنے تو احتجاج کے سوا راستہ کیا رہ جاتا ہے۔