فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی، جبکہ مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔






