اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان سے رابطے کی تصدیق کردی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ اس معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے جون میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان سمیت دیگر علاقائی ممالک نے اس وقت مذاکراتی عمل میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔






