پاکستان اور سعودی عرب کا ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ

پاکستان اور سعودی عرب نے ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر دستخط کیے۔ اسحاق ڈار کے مطابق اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون مزید آسان ہوگا اور باہمی مفادات کے مختلف شعبوں میں دیرینہ برادرانہ تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی قریبی تعاون جاری ہے۔ اس سے قبل اگست میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانا، دفاعی تعاون میں اضافہ اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کو فروغ دینا بتایا گیا تھا۔ اسی ماہ دونوں ممالک نے پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولتوں کے حوالے سے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ جولائی میں سعودی عرب نے ایک سال کے لیے کارآمد ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرایا، جس کے تحت زائرین ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب جا سکتے ہیں، تاہم ہر سال مجموعی قیام کی مدت 90 دن تک محدود ہے۔ اس سے قبل 2024 میں سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے کم از کم 750 ڈالر ماہانہ کریڈٹ والی بینک اسٹیٹمنٹ کو مالی ثبوت کے طور پر قبول کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔