قلات کے قریب قومی شاہراہ این-25 پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی قائم کردہ چیک پوسٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے قلات کے قریب این-25 پر چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی جہاں وہ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے میں ملوث تھے، اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کی جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغویوں کے علاوہ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں برآمد کی گئیں جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی ملا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے قومی شاہراہ پر آمدورفت میں خلل ڈالنے اور دہشت گردی کے لیے قائم نیٹ ورک ناکام بنا دیا گیا، قلات اور گردونواح میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جس کا مقصد مقامی آبادی اور اہم قومی شاہراہوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، عزم استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، قومی شاہراہوں پر عوام کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔






