سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے پاکستان اور جاپان کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور جاپان کے درمیان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ جاپان منصوبے کے لیے 2 ارب 58 کروڑ جاپانی ین فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 64 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔

گرانٹ معاہدے پر اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے، جبکہ ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔

منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور سیلاب سے متاثر ہونے والی آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط کیا جائے گا۔

سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے، جبکہ جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ تحسین ہے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔