6 ستمبر پاکستانی تاریخ کا درخشاں باب، قومی اتحاد کی علامت ہے، صدر مملکت، وزیراعظم

یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 6 ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد اور اجتماعی قوت کی علامت ہے۔ 1965 میں قوم اور مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، جبکہ شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا جذبہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ایک بار پھر نمایاں ہوا۔ معرکۂ حق کی فتح جذبۂ حب الوطنی کا تسلسل ہے اور اس معرکے نے قومی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کیا۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ افواج اور عوام کا مضبوط رشتہ قومی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان امن، مکالمے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے ذمہ دار ستون کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کی خودمختاری و قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 1965 میں مسلح افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر فیصلہ کن شکست دی۔ پاکستانی قوم نے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی تاریخ میں قابلِ رشک اور لازوال میراث رقم کی۔

وزیراعظم نے مسلح افواج کے شہدا، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک افواج نے دشمن کو ایسا جواب دیا جسے نسلیں یاد رکھیں گی۔ قوم کو پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ڈھالنا ہے، جبکہ موجودہ چیلنجز مزید قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔ جہالت، غربت اور پسماندگی کا خاتمہ آج ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔