خیبر پختونخوا میں مختلف جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود مسلح افراد کے خلاف کارروائی کی، جس میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کارروائی کے بعد دراندازی کی کوشش کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 25 ہوگئی۔
شمالی وزیرستان میں ایک اور جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں مشترکہ آپریشنز کے دوران دو مختلف جھڑپوں میں مزید 4 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔






