عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ، توہین عدالت کی درخواست کو نمبر الاٹ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کے اعتراضات دور ہونے کے بعد اسے نمبر الاٹ کر دیا گیا۔

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے عمران خان کو نجی اسپتال منتقل نہ کیے جانے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست کو نمبر الاٹ کیا ہے۔ اس سے قبل درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا تھا کہ توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے الزامات کی فہرست رجسٹرار آفس میں جمع کرا کے اعتراض دور کر دیا، جس کے بعد درخواست کو نمبر الاٹ کیا گیا۔

درخواست گزار عظمیٰ خان نے کیس کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست بھی دائر کی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ اسی ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

درخواست میں عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کو اسپتال منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں وزیراعظم، وفاقی وزیر قانون، وفاقی وزیر اطلاعات، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے عدالت سے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی بھی استدعا کی ہے۔