نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار برطانیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ 28 اگست تک قیام کریں گے۔ دورے کے دوران وہ برطانوی حکومت کے اعلیٰ حکام اور مختلف عالمی اداروں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وہ برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دورہ برطانیہ کے دوران نائب وزیراعظم انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کا معاملہ خصوصی طور پر زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی بحری سلامتی اور اس سے متعلق دیگر اہم امور پر بھی گفتگو ہوگی۔
اسحاق ڈار دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں باہمی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔






