ناروے کے وزیر خارجہ کی 10 سال بعد پاکستان آمد، بطور ثالث پاکستان کے کردار کی تعریف

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزارت خارجہ پہنچنے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جبکہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیے گئے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے کہا کہ ناروے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امریکا اور ایران جنگ میں بطور ثالث وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے مشکل وقت میں جرأت مندانہ کردار ادا کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے احسن کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروے کی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور ملک میں نارویجن کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں، جبکہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی بھی بڑی تعداد میں موجود ہے۔