اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کلیئرنس آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد بلوچستان کے امن اور عوام کے دشمن ہیں۔
شہباز شریف نے دہشتگردوں کی جانب سے خودکش گاڑی تیار کرنے کے دوران دھماکے کی زد میں آکر عام شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی اور شرانگیزی کی تیاری کے دوران بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی اور امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ارضِ وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں وہ اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔






