دکھ کی اس گھڑی میں پوری پارٹی سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے نائب صدر میر عالمگیر خان کوش کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے میر عالمگیر خان کوش کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت پوری جماعت سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میر عالمگیر کوش پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے اور انہوں نے طویل عرصے تک جماعت کے لیے خدمات انجام دیں۔ ان کی سیاسی اور تنظیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ میر عالمگیر کوش کے قتل میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ متعلقہ حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائیں تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔