کیا آپ کا وائی فائی سست ہو گیا ہے اور انٹرنیٹ بار بار رک رہا ہے؟ تو اپنا مہنگا پلان تبدیل کرنے یا نیا پیکج خریدنے میں جلدی نہ کریں، کیونکہ اکثر مسائل معمولی وجوہات کی بنا پر ہوتے ہیں جنہیں گھر بیٹھے آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے۔
آج کے دور میں گھر کا انٹرنیٹ کام، پڑھائی، ویڈیو کالز اور تفریح کے لیے ضروری ہے، لیکن کئی بار اچانک رفتار کم ہو جاتی ہے اور ویڈیوز رکنے لگتی ہیں۔ اکثر لوگ فوراً پیکیج اپ گریڈ کرنے کا سوچتے ہیں، حالانکہ مسئلہ ہر بار کمپنی یا پیکیج کا نہیں ہوتا۔ وائی فائی کی کم رفتار کی وجہ راؤٹر کی غلط جگہ، سگنل میں رکاوٹ، زیادہ ڈیوائسز کا منسلک ہونا یا راؤٹر کا پرانا سافٹ ویئر بھی ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے کے لیے پانچ آسان اقدامات مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ سب سے پہلے راؤٹر کو مناسب جگہ پر رکھیں، اسے فرش پر یا بند کونے میں رکھنے کے بجائے گھر کے وسط میں کھلی اور اونچی جگہ پر رکھیں اور اینٹینا سیدھا رکھیں۔
دوسرا، 2.4GHz اور 5GHz بینڈ کا فرق سمجھیں۔ 2.4GHz زیادہ رینج دیتا ہے لیکن رفتار کم ہوتی ہے، جبکہ 5GHz کم رینج میں تیز رفتار فراہم کرتا ہے، اس لیے راؤٹر کے قریب ہونے پر 5GHz استعمال کریں۔
تیسرا، وائی فائی چینل تبدیل کر کے دیکھیں۔ آس پاس زیادہ نیٹ ورکس ہونے سے سگنلز میں مداخلت ہوتی ہے، اس لیے راؤٹر سیٹنگز میں چینل کو آٹو سے مینوئل کر کے 1، 6 یا 11 میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
چوتھا، راؤٹر کو کبھی کبھار ری اسٹارٹ کریں۔ مسلسل چلنے سے عارضی مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہفتے میں ایک بار بند کر کے چند منٹ بعد آن کرنے سے میموری صاف ہوتی ہے اور کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
پانچواں، راؤٹر کا فرم ویئر اپ ڈیٹ رکھیں اور غیر ضروری ڈیوائسز کو نیٹ ورک سے ہٹا دیں، کیونکہ پس منظر میں چلنے والی ڈاؤن لوڈنگ بینڈوتھ کو کم کر دیتی ہے۔ اگر ان اقدامات کے بعد بھی رفتار بہتر نہ ہو تو اسپیڈ ٹیسٹ کر کے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی سے رابطہ کریں۔






