نئی دہلی: بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کا نام لیے بغیر اپنے پڑوسی ملک پر دہشتگردی کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی اپنے تحفظ پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
اتوار کو این ڈی ٹی وی کے ڈیفنس کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت بات چیت پر یقین رکھتا ہے، لیکن اگر کوئی ملک بھارت کے خلاف دہشتگردی کو ہوا دے گا تو بات چیت کی گنجائش وہیں ختم ہو جاتی ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت امن پر یقین رکھتا ہے اور کبھی بھی جنگ نہیں چاہتا۔ بھارت دنیا کے کسی بھی ملک کی زمین پر قبضہ بھی نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی کسی کو دھمکانا چاہتا ہے۔ تاہم امن پسندی اور کمزوری میں فرق ہوتا ہے، یہ ساری دنیا کو سمجھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ دہشتگردی کسی بھی ملک کے لیے کسی بھی صورت میں اسٹریٹجک اثاثہ نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارا پڑوسی ملک دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر جاری رکھے گا، ہم دہشتگردی کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ یہ بات ہم اپنے پڑوسی کو بھی بتانا چاہتے ہیں اور دنیا کو بھی بتانا چاہتے ہیں۔






