اب میٹا مفت امیجز اور ویڈیوز بنانا ممکن نہیں رہے گا

نیویارک: میٹا نے صارفین کے لیے ایک نئی سبسکرپشن سروس متعارف کرادی ہے، جس کا نام میٹا ون رکھا گیا ہے۔ اس سروس میں فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میٹا اے آئی کی الگ الگ سبسکرپشنز کو ایک ہی جگہ اکٹھا کردیا گیا ہے۔

اس سروس کو سبسکرائب کرنے والے صارفین کو میٹا کی مختلف ایپس میں متعدد ایڈوانسڈ اے آئی فیچرز اور پروفیشنل ٹولز دستیاب ہوں گے۔

میٹا کے مطابق اس سروس کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد انفرادی صارفین کے لیے دستیاب انسٹاگرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس سبسکرپشن پلانز کے 50 سے زائد فیچرز کو ایک جگہ فراہم کرنا ہے۔

ابھی تک ان تینوں سروسز کے سبسکرپشن پلانز استعمال کرنے والوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہے۔

میٹا کی جانب سے کور اور پریمیئم پلانز انفرادی صارفین کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، جن سے ان کے لیے اے آئی کی مدد سے تصاویر یا ویڈیوز استعمال کرنا آسان ہوجائے گا۔

یعنی اب یا مستقبل قریب میں میٹا کے اے آئی ماڈلز سے تصاویر یا ویڈیوز کی مفت تیاری لگ بھگ ممکن نہیں ہوگی۔

اگر آپ کریئیٹر ہیں اور تینوں سروسز کے مشترکہ بنڈل کے سبسکرائبر بننا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ماہانہ فیس 1750 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ صرف ایک سروس کے سبسکرائبر بننے کی صورت میں، جیسے فیس بک پلس، ماہانہ فیس 299 روپے ہوگی۔