ٹرانسپورٹرز کا شدید ردِعمل، ملک گیر ہڑتال اور کرائے بڑھانے کی دھمکی

کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال اور کرائے بڑھانے کی دھمکی دے دی۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے فیصلے اور ممکنہ اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مسائل کے حل کے لیے ٹرانسپورٹرز سے 40 دن کی مہلت مانگی تھی، جو اگلے ہفتے ختم ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومتوں نے طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا۔

صدر ملک شہزاد نے واضح کیا کہ اگر ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا گیا تو مجبوراً پورے پاکستان میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھا دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز تیزی سے بے روزگار ہورہے ہیں۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے فیصلے کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے حکومت سے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔