گوگل نے موسم کی پیشگوئی کرنے والا جدید اے آئی ماڈل ’ویدر نیکسٹ تھری‘ متعارف کرا دیا۔
یہ جدید اے آئی ماڈل ’ویدر نیکسٹ تھری‘ زیادہ تیز رفتاری اور بلند ریزولوشن کے ساتھ مقامی سطح پر موسم کی پیشگوئی کرے گا۔ یہ ہر گھنٹے موسم کی تازہ پیشگوئی جاری کرے گا، جبکہ طوفان، بارش اور شدید موسمی صورتحال کو زیادہ تفصیل کے ساتھ مانیٹر کرسکے گا۔
گوگل کے مطابق نیا ماڈل 5 کلومیٹر تک کی اسپیشل ریزولوشن میں موسم کی پیشگوئی کرسکتا ہے، جو سابقہ ماڈل کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ تفصیلی ہے۔ سطحی درجہ حرارت اور نمی کی پیشگوئی 5 کلومیٹر، جبکہ سطحی ہواؤں کی پیشگوئی 10 کلومیٹر کی ریزولوشن میں کی جاسکے گی۔
ویدر نیکسٹ تھری بارش کی پیشگوئی میں بھی نمایاں بہتری فراہم کرے گا۔ بعض اہم پیمانوں پر روایتی موسمی پیشگوئی کے نظام کے مقابلے میں غلطی کی شرح 50 فیصد تک کم ہوئی ہے۔
گوگل کے مطابق ماڈل سیٹلائٹ اور زمینی اسٹیشنز سے حاصل ہونے والا لائیو ڈیٹا استعمال کرے گا۔ ویدر نیکسٹ تھری کو صاف توانائی کے شعبے میں بھی استعمال کیا جاسکے گا، جس سے بجلی کے نظام کے آپریٹرز اور قابلِ تجدید توانائی پیدا کرنے والوں کو مدد ملے گی۔






