ہم قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے، بھٹو کے پاکستان میں دھکیل دیا گیا، ایم کیو ایم

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم ہجرت کرکے قائداعظم کے پاکستان میں آئے تھے، ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا گیا۔

کراچی میں گریجویٹ فورم پاکستان کے زیر اہتمام قومی مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے صرف اور صرف انتظامی یونٹس ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ صوبے کی تقسیم کو غداری قرار دینا سب سے بڑی غداری ہے، تمام سیاسی جماعتیں ہماری آواز سے آواز ملا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا ہے۔ اے پی ایم ایس او کے منشور میں صوبے کا ذکر تھا اور اب وہ پورے ملک کی آواز ہے۔ ایم کیو ایم کا پہلا مطالبہ ہے کہ پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے بننے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ ہمیں ہمارا صوبہ دے دیں، آرٹیکل 140 اے ہم خود نافذ کرلیں گے۔ ہمیں سندھ اسمبلی میں سندھو دیش کے خلاف قرارداد نہیں لانے دی گئی، آج صوبے کیوں ہونے چاہئیں، اس کے لیے لمبی دلیل دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم ہجرت کرکے قائداعظم کے پاکستان میں آئے تھے، ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا گیا۔ پہلے آپ مردم شماری کرائیں، پھر ایمانداری سے ووٹر لسٹیں بنائیں۔ آج کراچی کی آبادی دو کروڑ سے زائد ہے، جو ریاست مردم شماری نہ کراسکے وہ مردم شناسی کراسکتی ہے۔