خبردار!!! ایک کلک اور اکاؤنٹ خالی ، پی ٹی اے کا اہم الرٹ جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو جعلی کوریئر پیغامات اور مشکوک لنکس سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہم الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلساز معروف کوریئر کمپنیوں کے نام پر شہریوں کو جعلی ڈیلیوری پیغامات یا ای میلز بھیج کر دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے پیغامات میں صارفین سے مشکوک لنک پر کلک کرنے، ڈیلیوری فیس ادا کرنے یا ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) شیئر کرنے کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔ صارفین کسی پیغام یا درخواست کی تصدیق کیے بغیر اپنی ذاتی یا مالی معلومات فراہم کرنے سے بھی گریز کریں۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو غیرملکی سمز کے غیرقانونی استعمال سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سمز کی خرید و فروخت غیرقانونی ہے۔ غیرملکی سمز کے استعمال سے شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات غیرمحفوظ ہوسکتی ہیں اور انہیں قانونی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ موبائل سم ہمیشہ قریبی فرنچائز یا رجسٹرڈ آؤٹ لیٹ سے خریدیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سم ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو۔

پی ٹی اے نے زور دیا کہ ڈیجیٹل فراڈ سے بچنے کے لیے مشکوک پیغامات، لنکس اور غیرمصدقہ درخواستوں پر فوری کارروائی کرنے کے بجائے پہلے ان کی تصدیق کی جائے۔