طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری! اسکولوں کے وقت میں ایک گھنٹے کی کمی

کراچی (آئی این پی) سندھ میں اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کی کمی کردی گئی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق آج سے اسکول معمول کے مقابلے میں ایک گھنٹہ کم کھلیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے بتایا کہ طالبات نے اضافی ایک گھنٹہ واپس لینے کی درخواست کی تھی، جبکہ اسکولوں کے اوقات کار بڑھنے سے طالبات نے بھوک لگنے کی شکایات بھی کی تھیں۔

سردار علی شاہ نے کہا کہ کورونا اور سیلاب کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا تھا تاکہ نصاب بروقت مکمل کیا جاسکے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی کا کام جاری ہے، تاہم مزید فنڈز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وفاق سے مزید فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔