اسلام آباد پولیس کو تمام تر جدید وسائل فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کردی ہیں۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کے حوالے کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نئی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کا مقصد پولیسنگ نظام کو ماحول دوست بنانا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری آئے گی۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے نئی کیپٹل پٹرول فورس قائم کی گئی ہے۔ ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون اہلکار تعینات ہوگی جبکہ تمام اہلکار باڈی کیمروں سے لیس ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 50 الیکٹرک گاڑیاں کیپٹل پٹرول فورس کو فراہم کی گئی ہیں، جس سے ایندھن کے اخراجات میں ماہانہ 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ ایندھن کی بچت سے ایک گاڑی کی لاگت ساڑھے 10 ماہ میں پوری ہوجائے گی۔