آئی فون 18 کی لانچ کب ؟ ایپل کا بڑا اعلان کر دیا گیا

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے اگلے بڑے پروڈکٹ لانچ ایونٹ کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی کے مطابق تقریب 9 ستمبر کو منعقد ہوگی، جس کا نعرہ ’سرپرائز اینڈ شائن‘ رکھا گیا ہے۔

تقریب امریکی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگی اور کیلیفورنیا میں واقع ایپل پارک میں منعقد کی جائے گی۔ ایونٹ کو یوٹیوب، ایپل کی ویب سائٹ اور ایپل ٹی وی کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا۔

ایپل نے اگرچہ تقریب میں پیش کی جانے والی مصنوعات کی تفصیلات باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کیں، تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا میں آئی فون 18 سیریز کو سب سے زیادہ متوقع قرار دیا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 کے ساتھ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس بھی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

ایک اور اہم قیاس آرائی ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق ہے، تاہم کمپنی نے تاحال اس کی لانچنگ کی تصدیق نہیں کی، اس لیے اسے فی الحال محض توقع اور رپورٹس کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ایپل واچ کے نئے ماڈلز بھی تقریب کا حصہ بننے کی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا کے نئے ماڈلز کے ساتھ کچھ اسمارٹ ہوم ڈیوائسز بھی متعارف کرائی جاسکتی ہیں۔

دوسری جانب کیمروں سے لیس ائرفونز کے حوالے سے بھی ٹیکنالوجی کی دنیا میں چہ میگوئیاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ ڈیوائسز بصری ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس ہوسکتی ہیں اور اب انہیں 2027 میں مارکیٹ میں لانے کی توقع کی جارہی ہے، جبکہ پہلے رواں سال لانچ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

ایپل نے ایونٹ کے لیے جاری کی گئی تشہیری تصویر میں کمپنی کا لوگو نیون انداز میں پیش کیا ہے، جس کے ساتھ ’سرپرائز اینڈ شائن‘ درج ہے۔ صارفین کی نظریں اب 9 ستمبر کی تقریب پر مرکوز ہیں، جہاں ایپل کی جانب سے نئی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کے حوالے سے اہم اعلانات متوقع ہیں۔