پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری پوری انسانیت کے لیے ہدایت، خوشی اور نجات کا پیغام ہے، نوجوان سیرتِ النبی ﷺ کا مطالعہ کرکے آپ ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
رحمۃ للعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ ہمارا ایمان ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی مصلحت قبول نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ناموسِ رسالت ﷺ کا مقدمہ عالمی سطح پر پیش کرنے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رحمت للعالمین اتھارٹی بھی قائم کی۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ مسلم دنیا تعداد میں زیادہ ہونے کے باوجود متحد نہیں، ہمیں ایمان، اتحاد اور خود اعتمادی کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حقیقی اسلامی، فلاحی اور جمہوری نظام کے قیام کے لیے اسلامی اصولوں اور تعلیمات پر عمل ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کرپشن، بدعنوانی اور عدم جواب دہی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام چوری، بددیانتی اور کرپشن کی اجازت نہیں دیتا، جبکہ عدل و انصاف وہ طاقتور ہتھیار ہے جو نبی کریم ﷺ نے امت کو سکھایا۔
انہوں نے پمز اسپتال کے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا کیا قصور تھا، واقعے میں مکمل جواب دہی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوامی مقامات پر حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کا بھی ذکر کیا۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت سود کے خلاف عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے نعت و قرأت کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے۔






