اسلام آباد (آن لائن) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پری پیڈ موبائل صارفین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام موبائل آپریٹرز کے ری چارج اور بیلنس کی کم از کم میعاد 180 دن مقرر کردی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئے ضابطے کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا، جس کے بعد تمام موبائل آپریٹرز پری پیڈ ری چارج اور بیلنس کے لیے کم از کم 180 دن کی مدت فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی صارف کے اکاؤنٹ میں موجود بیلنس کی مدت ختم ہوجائے لیکن سم بدستور فعال اور قابلِ استعمال ہو تو آئندہ ری چارج کرنے پر سابقہ ختم شدہ بیلنس خودکار طور پر بحال کردیا جائے گا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کے حقوق کا تحفظ، موبائل خدمات میں شفافیت اور بیلنس کی مدت سے متعلق طریقہ کار میں یکسانیت پیدا کرنا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق نئے فیصلے سے صارفین کو اپنا موبائل بیلنس استعمال کرنے کے لیے زیادہ وقت ملے گا اور مختصر مدت ختم ہونے کے باعث مالی نقصان سے بھی بچاؤ ہوگا۔






