یوٹیوب کی جانب سے صارفین کو بڑا دھچکا

یوٹیوب پریمیئم صارفین کو اشتہارات سے پاک ویڈیوز دیکھنے کے لیے ستمبر سے زیادہ فیس ادا کرنا ہوگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل نے یورپ کے بعض ممالک اور سنگاپور میں یوٹیوب پریمیئم کی ماہانہ فیس میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تصدیق کردی ہے۔ نئی قیمتیں صارفین کی اگلی بلنگ سائیکل سے لاگو ہوں گی۔

جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد ہوگی، ان سے نئی شرح کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق بعض یورپی ممالک میں انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.99 یورو سے بڑھا کر 15.99 یورو کردی جائے گی، جبکہ فن لینڈ میں فیس 14.99 سے بڑھ کر 16.99 یورو ہوجائے گی۔ رومانیہ میں صارفین کو 29 کے بجائے 32 رومانی لیو ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔

سنگاپور میں انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.98 سے بڑھ کر 15.98 سنگاپوری ڈالر جبکہ فیملی پلان کی فیس 27.98 سے بڑھ کر 31.98 ڈالر ہوجائے گی۔

گوگل مختلف ممالک میں قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کررہا ہے۔ اس سے قبل امریکا میں بھی یوٹیوب پریمیئم کے بعض منصوبوں کی ماہانہ فیس میں 4 ڈالر تک اضافہ کیا گیا تھا۔

یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں عام طور پر بار بار اضافہ نہیں کیا جاتا، تاہم کمپنی مختلف ممالک میں قیمتوں میں اضافے کا عمل مرحلہ وار مکمل کرتی ہے۔